وجود زن سے ہے تصویر کائنات میں رنگ
میں ایک عورت ہوں اور میرے بارے میں ایک مرد نے کہا تھا کہ کائنات کی تصویر میں سارے رنگ میرے ہی دم سے ہیں آہ مگر اب مرد کی بے حسی کی وجہ سے یہ رنگ پھیکے پڑنے لگے ہیں مجھے یاد پڑتا ہے کہ سنه ۱۹۴۷ء سے پہلے جب میری عزت میری آبرو محفوظ نہیں تھی تو تب ایک اقبال تھا ایک جناح تھا کوئی چوہدری رحمت علی تھا کوئی سرسيد بھی تھا جنہوں نے کہا تھا کہ ہمارے اسلام نے عورت کو تمام حقوق دیے ہیں عزت دی ہی تحفظ دیا ہے ہمیں اب اسلام کے نام پر اپنی بیٹیوں کے لئے بہنوں کے لئے ماؤں کے لئے بیویوں کے لئے پاکستان چاہیے تو میں نے اس عظیم الشان ریاست کی بنیادوں میں اپنی عزت اپنی آبرو اپنا لہو شامل کر دیا کہ اس کی چار دیواری میں مجھے عزت ملے گی مجھے تحفظ ملے گا مگر مجھے کیا پتا تھا کہ یہاں میرے اپنے ہی میری عزت کے لٹیرے نکلیں گے۔کل رات موٹر وے پر مجھے میرے ہی بچوں کے سامنے رات کی تاریکی میں اجتماعی زيادتی کا نشانہ بنا دیا گیا میرا قصور صرف اتنا تھا کہ میں عورت تھی۔میں تعلیم کے لئے نکلتی ہوں تو مجھے جنسی طور پر ہراساں کیا جاتا ہے کیوں کہ میں ایک عورت ہوں ۔میں روز گار کی تلاش میں نکلوں تو مجھے جنسی تشدد کا شکار بنایا جاتا ہے کیوں کہ میں عورت ہوں۔پھر جب میں اس سب سے تنگ آکر اس بے حس مرد سے آزادی چاہتی ہوں کہ شاید مرد کی طرح میں بھی بے حس ہو جاؤں تو مجھے عزت مل جائے گی تو یہی مرد مجھے گالیاں دیتا ہے مجھے اسلام سکھاتا ہے خود کیوں نہیں سیكهتا کہ
"مرد عورت کے محافظ(حاکم)اور کفیل ہیں۔
(القرآن ۴: ۳۴)
اگر کبھی تم میرے محرم نہیں بھی ہو اور تمہارا مجھ سے واسطہ پڑ جاتا ہے تو تمہیں دنیا کا کونسا مذہب میرے ساتھ جنسی تشدد کی اجازت دیتا ہے کونسا مذہب ہے جو تمہیں یہ کہتا ہے کہ عورت کو گالیاں دو۔میرے ساتھ ظلم جنسی زيادتی پر ہی ختم نہیں ہو جاتا میں اگر اس ظلم پر واویلا کرتی ہوں کسی مرد کو بے نقاب کر دیتی ہوں تو مجھے گندی عورت کا خطاب دے دیا جاتا ہے میں کسی پروفیسر کی شکایت کر دوں تو مجھے مدارس سے بے دخل کر دیا جاتا ہے میں سچ بول دوں تو میرے چہرے پر تيزاب پھینکوا دیا جاتا ہے کیوں کہ میں ایک عورت ہوں۔میں کسی کی شکایت کروں تو مجھے یہ کہہ دیا جاتا ہے کہ تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی مگر کبھی تم نے سوچا کہ یہ طاقتور مرد زبردستی عورت کے ساتھ زيادتی کر سکتے ہیں تو کیا اسکا ہاتھ پکڑ کر تالی نہیں بجا سکتے مگر مرد ہیں نا انھیں اجازت ہے کہ وہ کھل کر عورت ذات پر تبصرہ کریں اور اسے غلط ثابت کریں۔میرا صرف اس معاشرے سے اور معاشرے کے ان مردوں سے ایک ہی سوال ہے کیا کل رات کی تاریکی میں میں اپنے شوہر اور بچوں کے ہمراہ موٹر وے پر سکن ٹائٹ جینز اور ٹاپ پہن کر كيٹ واک کرتے ہوئے مردوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا رہی تھی یا پھر وه سب جنسی پاگل تھے۔مجھے اپنے معاشرے کی ہر بیٹی کے لئے ماں کے لئے بہن کے لئے تحفظ اور انصاف چاہیے ورنہ اب ہم کسی کی معیت پر نہیں اپنے قانون پر فاتحہ پڑھیں گے۔