19

آہنی دیوار سے خاموش پرواز تک



10مئی 2025پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہرا دن ثابت ہو چکا ہے جب افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کو خاک چٹا کر اپنی فوجی برتری پر مہر ثبت کردی ،اس برتری نے اقوام عالم میں پاکستان کے وقار کو چارچاند لگا دیئے ،برادر اسلامی ممالک کو امید کی کرنیں نظر آنے لگیںاور وطن عزیز نے عالم اسلام کی قیادت کےلئے ایک پرعزم سفر کا آغاز کردیا ،اس کے بعد امریکہ اور سرائیل کی جانب سے ایران پر مسلط کردہ جنگ کے جواب میں ایران کا جوانمردی سے مقابلہ اور سخت ترین ردعمل نے خطے کی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب کئے ،اگرچہ اس جنگی ماحول سے بے پناہ معاشی مسائل پنپ رہے ہیں لیکن بالخصوص پاکستان اور امت مسلمہ کےلئے نئے راستے بھی کھل چکے ہیں جن پر چل کر باہمی اتحاد اور امن و امان کو یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔

چونکہ یہ ساری صورتحال جنگ سے جڑی ہے اس لئے یہاں ہماری افواج کےلئے بے شمار مواقع پیدا ہوئے کہ وہ اپنا لوہا منوا سکیںاور یقینی طور انہوں نے منوا بھی لیا ،اور یہ تاریخی کام ہوا11اپریل 2026کو جب افواج پاکستان نے آپریشن خاموش پرواز کو کامیابی کے ساتھ سرانجام دیکر پوری دنیا کو حیران کردیا،آپریشن آہنی دیوار کے بعد آپریشن خاموش پرواز کی کامیابی نے پاکستان کو عالمی سطح کی ایک بہترین فضائی قوت کے طور سامنے لا کھڑا کیا ،آپریشن خاموش پرواز کا مقصد ایرانی وفد کو بحفاظت پاکستان لانا اور واپس چھوڑ کر آنا تھا جبکہ اسرائیل کی جانب سے دھمکیاںاور شدید خطرہ تھا کہ وہ ایرانی قیادت کو نشانہ بنا سکتا ہے ،دنیا کی جدید ترین ٹیکنالوجی ،فضائی قوت اور ہتھیاروں سے لیس اسرائیل کسی عالمی قانون یا اخلاقیات کی پرواہ نہیں کرتا ،نسل کشی اور جنگی جرائم کی ایک طویل تاریخ بھی رکھتا ہے ایسے میں آپریشن خاموش پرواز افواج پاکستان کےلئے ایک کڑا امتحان تھا کیونکہ یہ معاملہ غیر معمولی طور پر سنگین تھا، ایرانی وفد پر کامیاب حملہ نہ صرف ایرانی اعلیٰ عہدیداران کو ہلاک کرتا بلکہ پاکستان کی بطور ثالث ساکھ کو بھی تباہ کر دیتا  ،جیسا کہ اس نے قطر میں کیا تھا۔

آپریشن خاموش پرواز ایک ایسا فوجی اور سفارتی مشن ثابت ہوا جو کسی دلچسپ فلم سے کم نہیں ،اس آپریشن میں دشمن کی جانب سے کی جانے والی فضائی نگرانی کو چکمہ دیا گیا ،فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے سگنل میں ردوبدل کردیا گیا جس کی وجہ سے دشمن کو فلائٹ کے اصل راستے اور حقیقی لوکیشن کی خبر نہ ہوسکی ،ایسے فضائی راستے کا انتخاب کیا گیا جو دشمن کےلئے غیر متوقع ثابت ہوا ،اس کے ساتھ لڑاکا طیاروں کو حفاظتی دستہ جہاں اپنا کام دیکھ رہا تھا وہاں کچھ دیگر طیارے بھی قافلے میں خاموشی کے ساتھ اپنا کام کر رہے تھے  جو  سینکڑوں کلومیٹر تک موجود طیاروں کو ٹریک کررہے تھے کیونکہ اسرائیل طویل فاصلے سے تیزی کے ساتھ حملہ آور ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے ،آپریشن خاموش پرواز پر دنیا بھر کی فوجی قوتوں کی نظر تھی اور اس کی کامیابی نے دشمنوں پر دھاک بٹھادی اور دوستوں کی آنکھیں کھول کر رکھ دی ہیں ۔

آپریشن خاموش پرواز کو دنیا بھر کے دفاعی ماہرین اور جریدوں نے نوٹ کیا اور اس پر حیران کن ردعمل ظاہر کیا ،برطانوی تھنک ٹینک (رائل یونائیٹڈ ناٹی ٹیوٹ )کے ایک دفاعی ماہر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے لڑاکا اور نگران طیاروں کا مربوط نظام استعمال کرکے ثابت کردیا ان کی صلاحیت عالمی معیار کی ہے ،انہوں نے ایک ایسے دشمن کو چکمہ دیا جو خود کو ٹیکنالوجی کا خدا سمجھتا ہے ، مشرق وسطیٰ کا معروف دفاعی جریدہ (The Cardle)لکھتا ہے کہ پاکستان دنیا میں ایک سیکورٹی گارٹنر بن کر ابھرا ہے ،ایرانی وفد کو بحفاظت نکالنا ایک خاموش پیغام ہے کہ اس خطے کی فضائی حدود کا اصل باس کون ہے ،ایشا کا سب سے معروف دفاعی تجزیاتی فورم؛ ڈیفنس سیکورٹی ایشا؛ لکھتا ہے کہ پاکستان نے پہلی بار الیکٹرانک جنگی صلاحیت کا مربوط استعمال کامیابی کے ساتھ کیا ،اسرائیلی دفاعی جریدہ (Israel Hayom)نے اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ پاکستان نے نہ صرف فضائی تحفظ کو یقینی بنایا بلکہ انٹیلی جنس کی سطح پر بھی اسرائیل کو چکمہ دیا ہے جس کی توقع نہیں تھی ،پاکستان نے ثابت کیا کہ جب بات علاقائی استحکام اور سفارتی وقار کی ہو، تو اس کی "خاموش پرواز" دشمن کے شور مچاتے ریڈاروں سے کہیں زیادہ طاقتور ہے۔

آہنی دیوار سے خاموش پرواز تک کے سفر نے پاکستان کو ایک ایسی اڑان بخشی ہے کہ بلندی کی جانب ایک تیز رفتار سفر شروع ہو چکا ہے ،پاک سعودی دفاعی معاہدے میں ہونے والی پیش رفت اور سعودی عرب میں پاکستانی فوجی دستے کی تعیناتی نے پاکستان کو خطے کا ایک نیا سکیورٹی ضامن ثابت کردیا ہے ،حالیہ جنگ کے دوران خلیجی ممالک میں امریکہ کی سکیورٹی ضمانت اپنی اہمیت کھو بیٹھی ہے اور اب پاکستان کو ایک بہترین اور باصلاحیت سکیورٹی ضامن کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ،قطر سمیت دیگر خلیجی ممالک کی قربتیں پاکستان کے ساتھ بڑھنا شروع ہو چکی ہیں ،مصر اور ترکی سمیت دیگر مسلم ریاستوں میں بھی پاکستانی اثرو رسوخ تیزی کے ساتھ پروان چڑھتا جا رہا ہے اور یہ ساری صورتحال پاکستان کے وسیع ترکردار اور روشن مستقبل کی ایک جھلک دکھلا رہی ہے ۔

بشکریہ اردو کالمز