محمد شریف تو 25 نومبر کو چلا گیا ۔ 4

محمد شریف تو 25 نومبر کو چلا گیا ۔

وہ اسم بامسمی تھے، نام بھی شریف اور شرافت اور سادگی کا مجسم ظاہر و باطن،
تھا ، محمد شریف خان جنگ عظیم دوئم کے اختتام پر پیدا ہوئے اور امن و ترقی کی تاریخ دیکھی، 1940ء یا 1941ء جب علامہ اقبال ابھی خواب دیکھ رہے تھے، مگر محمد شریف خان جلد ہی یسیر ہوگئے یعنی "جہاں بیگم" جو ان کی ماں تھی، ابتدائی چند سال میں ہی اللہ کو پیاری ہوگئیں اور یہ وہ وقت ہوتا ہے جب روٹی کے لالے ہوتے ہیں، شفقت اور محبت کی ضرورت ہوتی ہے مگر روتی آنکھ درد لے کر آگے بڑھی، بہن اور اپنے مستقبل کا ڈر، والد کی جفاکشی اور امتداد زمانہ کی سختیاں، مگر پڑھائی میں شاندار اور میتھ ایسا کہ استاد بھی حیران و پیشمان ہوتے تھے، ابتدائی ایام ماں کی کمی جن خواتین نے نبھانے کی کوشش کی، محمد شریف خان صاحب نے ان کو ماں ہی سمجھا اور ساری زندگی بلکہ آخری وقت تک خدمت گزاری کی، 
محمد شریف خان، میرے والد بزرگوار تھے، جن کے ابتدائی ایام بڑی جفاکشی اور مشکل سے گزرے تھے بلکہ ہر شخص ہی اس زمانے میں مشکل دور میں تھا، لیکن میرے دادا انتہائی محنتی، زمیندار اور چائے کی کمپنی میں کام کرتے تھے، گھر میں معاشی تنگی کم، زمینداری کا کام زیادہ تھا، البتہ والد بزرگوار، شدت سے پڑھنے کے شوقین اور محبت پسند تھے، جس کی بنیادیں مضبوط اقدار پر اور حلال روزی پر کھڑی تھیں، دسویں تک پڑھ سکے اور محض 18 سال کی عمر میں روزگار کے لیے کراچی کا رخ کیا اور مرتے دم تک اعتماد اور محنت سے ایک غیر ملکی ادارے میں باعزت ملازمت کی، جس سے ہم سب نے خوشحالی دیکھی مگر خوشحالی میں بھی محنت اور زمینداری و گھر داری نہیں چھوڑی، والد صاحب کراچی، پشاور اور اسلام آباد تینوں اسٹیشن پر ملازمت کے کم از کم 45 سال گزار کر سبکدوش ہوئے جن کا اعتراف غیر ملکی لوگوں نے بھی کیا ۔
میرے ساتھ تعلق بچپن سے ہی کتاب بینی، گفتگو اور عالمی و مقامی حالات پر رہتا تھا بلکہ میں انتظار کرتا تھا کہ وہ آئیں اور رات بھر بیٹھ کر گفتگو کریں، گفتگو میں افغانستان، عراق ایران جنگ، امریکہ اور برطانیہ کی تاریخ اور پتہ نہیں کیا کیا تھا، ٹائم میگزین انہیں ملتا تھا وہ بھی میرے لئے لے آتے اور میں ڈکشنری سے معنی ڈھونڈ ڈھونڈ پڑتا تھا پھر ڈسکشن ہوتی، اُردو ڈائجسٹ، اخبارات کے تراشے، اچھا سا قلم یہ وہ ہر ہفتے میرے لئے لاتے تھے، ان کے علاؤہ میں خطوط کے ذریعے اپنے ماموں سے محو گفتگو رہتا تھا جن سے سیکھنے کا بہت موقع ملتا، والد صاحب شفقتوں کے آمین تھے ایک میرے ساتھ ہی نہیں بچوں کے ساتھ بچے، بڑوں کے ساتھ بڑھے، نوجوانی کی ایک ہی تصویر ہمارے گھر میں لگی تھی جن میں ایک میرے والد صاحب، جناب سردار اشرف خان صاحب مرحوم اور تیسری سردار ایوب خان صاحب ناڑ والے آج وہ تصویر نہیں مل رہی ہمارے پرانے مکان کے ہال میں لگی رہتی تھی، تینوں کہیں اکھٹے تھے، دکھ ، خوشی اور درد سب کچھ ہے مگر میں ماضی کو اچھے رومانس کے طور پر اور سیکھنے کے انداز میں یاد رکھتا ہوں، والد اور استاد دو ایسی شخصیات ہوتی ہیں جنہیں اپنے بچوں کو آگے بلکہ اپنے سے اوپر دیکھنے کی خواہش ہوتی ہے، باقی سب میں تھوڑا یا زیادہ حسد بھی پلتا ہے اور کبھی اپنا آپ کم یا زیادہ لگتا ہے لیکن یہ دونوں خوش ہوتے ہیں، میرے والد صاحب بھی پڑوس، رشتہ دار، کوئی بھی دوست اور محکوم کو ترقی کرتے بہت خوش ہوتے تھے یہ ہنر صرف انہیں آتا تھا، گفتگو میں سادگی اتنی کہ بندا حیران ہو جاتا، درد مندی اتنی کہ جیب میں جو ہوتا کسی کو دے دیتے، گھر کا یا کسی کا خیال ہمیشہ رکھتے تھے، کسی غریب کے گھر سودا سلف بھیجنا ہو پیش پیش یہی درد انہیں ہمیشہ مضطرب رکھتا تھا، خود بھی کام کرنے کا شوق اور ملازمت کے درمیان میں کمر کا آپریشن ہؤا، میں سمجھا زندگی رک گئی، مجھ سے ڈسکس کرتے کہ اب شاید زندگی رک گئی ہے، اس کرب کا احساس آج تک میری زندگی میں ہے لیکن انہوں نے ہمت کی اور اس کے بعد بیس سال مزید ملازمت کی اور شاندار کی، کالج یا یونیورسٹی تک اچانک مجھے ملنے پہچ جاتے اور پیسے جیب میں ڈال دیتے، حیران کن بات تھی کہ میرے پاس سو رویے ہوں میں سرگودھا بیٹھا سوچ رہا تھا کہ اب اخراجات کیسے ہوں گے، کوئی فون پر رابطہ نہ تھا، کوئی بینک کا ذریعہ نہیں، اسی سوچ میں تھا دیکھا سامنے سے والد صاحب آ ریے ہیں، یقین مانیں میں سمجھا کوئی فرشتہ ہے، ہاتھ پکڑا جا کر دن کا کھانا کھلایا اور پانچ ہزار تھاما کر، واپس اسلام آباد، اس وقت آٹھ گھنٹے لگتے تھے سرگودھا تک، گھر میں جب بھی کبھی اداس ہوتے یہاں تک کہ شدید برف باری ہو رہی ہے ہم مکان کی چھت پہ ، دل اداس، ایک طویل خاموشی، تھوڑی دیر بعد دیکھیں سڑک سے پیدل والد صاحب بیگ بھرا ہوا اٹھا رکھا ہے اور آ رہے ہیں آتے ہی گھر میں مسکراہٹیں بکھیر دیتے، ہر کوئی خوش اور دو تین دن خوشگوار، پھر جانے کی اداسی، میری آخری ملاقات ستمبر 2013ء کو ہوئی، اور وہ 25 نومبر 2013ء کو ایسی جگہ چلے گئے جہاں سے کوئی واپس نہیں آتا،عین نماز عشاء فرض نماز میں سجدہ ریز ہوئے اور روح پرواز کر گئی، لیکن میرے لئے آج بھی زیارت گاہ خاص ہیں، میں ان کا پاسنگ بھی نہیں ہوں مگر آہ کاش سفر چلتا رہتا ۔ ایک ایک لمحہ لکھنے اور یاد کرنے والا ہے، بس دعا اور وفا رہتی ہے، ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ان کے ساتھ رہنا نصیب ہوا یہی برکت و سعادت ہے، کھانے پہننے میں جو مل گیا، البتہ دوسروں کو اچھا کھلانا سب سے بڑا شوق تھا، کام، پڑھنے اور 
ملکی و عالمی حالات میں شدید دلچسپی اور بے تابی تھی، عمر کے آخری حصے میں حج کیا وہ بھی پیدل، دیوانہ وار، ننگے پاؤں، کیا منظر تھا ۔ کوئی افسانہ یا مبالغہ کیے بغیر لکھتا ہوں تاکہ آنے والی نسل کے لیے کبھی تو کچھ باقی رہے، والد بزرگوار کو اپنے رشتے داروں، خصوصا سردار عبد العزیز صاحب،سردار حاجی یونس صاحب، سردار وزیر صاحب، ماسٹر سردار سید اکبر خان صاحب، سردار میر زمان صاحب، سردار ایوب خان صاحب، سردار صادق صاحب، اور سردار ڈاکٹر حبیب خان صاحب سمیت کئی لوگوں سے محبت اور عقیدت کا رشتہ تھا،یاد کرتے تھے، کام آتے تھے، دعا گو تھے، یہیں تک نہیں اپنے پھوپھی زاد بھائیوں سردار شاہ پال خان، سردار افسر خان، سردار یوسف خان، سردار ایوب خان، اور کئی لوگوں سے ساری زندگی محبت نبھائی، اب یادیں اور باتیں موجود پتا نہیں یہ کب ختم ہو جائیں؟ زندگی تیز رفتار اور اقدار سست ہیں، سلام عقیدت ہے، ہم تو رہ گئے ۔ بلکہ رہ ہی گئے ۔

بشکریہ اردو کالمز

'.$config["ad_footer"].'