پاک فوج زندہ باد 270

پاک فوج زندہ باد

ایساکام تودشمن نے بھی کبھی نہیں کیاہوگاجوکام ملک کومدینہ کی ریاست بنانے والے ایمانداروں نے کیا۔کیاایک سیاستدان، لیڈراورپارٹی قائدکی گرفتاری پرملک وقوم کے ساتھ پھراس طرح کھیلاجاتاہے۔؟لیڈر،قائداورسیاستدان تواس ملک میں پہلے بھی ایک دونہیں ہزاربار گرفتارہوئے اورہردوروہرزمانے میں گرفتارہوئے۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری یہ توکوئی نئی بات نہیں تھی نہ ہی ملک میں ایساکوئی پہلی بارہوا۔عمران خان سے بھی بڑے بڑے لیڈراورقائدنہ صرف اس ملک میں گرفتارہوئے بلکہ طویل عرصے تک کال،کوٹھریوں اورجیلوں میں بھی رہے۔ سیاستدان،لیڈرزاورسیاسی پارٹیوں کے کارکن توروزاس ملک میں گرفتارہوتے رہتے ہیں۔کیااسی عمران خان کی حکومت میں مسلم لیگ ن کے قائداورتین باراس ملک کے وزیراعظم رہنے والے میاں نوازشریف درجنوں بارگرفتارنہیں ہوئے۔؟کیاموجودہ وزیراعظم شہبازشریف کوکئی بارگرفتارنہیں کیاگیا۔؟کیاسابق صدرآصف علی زرداری گرفتارنہیں ہوئے۔؟کیامریم نوازکوپابندسلاسل نہیں کیاگیا۔کیاسابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی،خواجہ سعدرفیق،راناثناء اللہ،خورشیدشاہ اورفریال تالپورسمیت درجنوں سیاستدانوں اورلیڈروں کوہتھکڑیاں نہیں لگائی گئیں۔؟یہ اگرمان بھی لیں کہ عمران خان کوغلط اورغیرقانونی طریقے سے گرفتارکیاگیاتوبھی سوال یہ ہے کہ ایک شخص کی گرفتاری پرکیاملک وقوم کی بقاء وسلامتی کواس طرح داؤپرلگانے کاکوئی تک اورجواز بنتاہے۔؟عمران خان نے اپنے ساڑھے تین سالہ دورمیں نفرت اورانتقام کے جوبیج بوئے تھے اب وہ تواسے کاٹنے پڑیں گے،خان اسی نیب کے حکم پرگرفتارہوئے جس نیب کے ذریعے وہ ساڑھے تین سال تک اپنے ہرسیاسی مخالف کواٹھاتے اورپٹواتے رہے اب اس میں پاک فوج یادیگرقومی ودفاعی اداروں کاکیاقصوراورگناہ۔؟عمران خان کی گرفتاری پرتحریک انصاف کے رہنماؤں اورکارکنوں نے پاک فوج کے خلاف جس طرح ٹرینڈچلائے،نعرے لگائے اورکورکمانڈرہاؤس سمیت پاک فوج سے منسوب درودیواروں کوجس طرح آگ لگائی ایک محب وطن پاکستانی ایساکرناتودور۔واللہ۔ ایساکرنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔پاک فوج کے خلاف اس طرح کے ٹرینڈمودی کے لے پالک بیٹے یاپاکستان اوربائیس کروڑعوام کے کوئی بڑے دشمن ہی چلاسکتے ہیں۔جن کے دلوں میں ایمان کی حرارت اوراس مٹی سے ذرہ بھی محبت ووفاہووہ ایسی بے غیرتی کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔نسلی اوراصلی لوگ نہ ملک،قوم اورمٹی سے بیوفائی کرتے ہیں اورنہ ہی اپنے محافظوں کے مقابلے میں کبھی غیروں کے آلہ کاربنتے ہیں۔پاک فوج یہ توہمارافخراوربائیس کروڑعوام کے ماتھے کاجھومرہے۔جن کی راتیں ہماری حفاظت میں گزرتی ہیں اورجن کاآج ہمارے کل کے لئے قربان ہورہاہے۔ہم اپنے ایسے محسنوں اورجوانوں کی قربانیوں کوکیسے فراموش کرسکتے ہیں۔؟کورکمانڈرہاؤس پردھاوابولنے اورپاک فوج کے خلاف نعرے لگاکربکنے والوں نے یہ بھی نہیں سوچاکہ جان ہتھیلی پررکھ کر ہم اورہمارے بچوں کی خاطرپہاڑوں کی چوٹیوں اورکنٹرول لائن کے اگلے محاذوں پرپہرہ دینے والے قوم کے عظیم سپوتوں اورجوانوں کاتعلق بھی اسی پاک فوج سے ہے۔پاک فوج کے یہ جوان نہ ہوتے توکپتان کیا۔؟پاک فوج پربھونکنے والے کپتان کے یہ انسان نماجانوربھی آج غلامی کی زنجیروں میں جھکڑے کہیں ایڑھیاں رگڑکرزندگی گزاررہے ہوتے۔یہ توپاک فوج کاہی احسان ہے کہ ان کے جوان راتوں کوجاگتے ہیں توہم چین اورسکون کی نیندسوئے رہتے ہیں۔فردکااطلاق افرادپرنہیں ہوتا۔کسی شخص یاچنداشخصاص کی غلطی،کمی اورکوتاہی کوپوری قوم،ملک یاکسی محکمے اورادارے کے سرنہیں تھونپاجاسکتا۔ماناکہ پاک فوج کے کچھ جرنیل سیاست میں ملوث رہے ہوں گے لیکن اس کاہرگزیہ مطلب نہیں کہ چندسابق جرنیلوں کاغصہ پاک فوج کے پورے ادارے اورمحکمے پراتاردیاجائے۔جنرل(ر) باجوہ کوتوسیاسی باپ کپتان اوریوتھیوں نے خودبنایاتھا۔کپتان اوران کے کھلاڑیوں نے اگراقتدارتک پہنچنے کے چکرمیں باجوہ صاحب کو سیاسی باپ کادرجہ خود دیاتواس میں پاک فوج،ملک یاقوم کاکیاگناہ۔؟ ویسے باجوہ صاحب کاہاتھ جب کپتان اوریوتھیوں کے سرپرتھااس وقت توغیرت پرمرمٹنے والے یہی یوتھیے اوران کے کپتان جنرل باجوہ کوپوری قوم کاباپ قراردے رہے تھے۔باجوہ صاحب نے اگرپھران کے سروں سے دست شفقت اٹھایاتواس میں پاک فوج کاکیاقصور۔؟کپتان اوریوتھیوں نے باجوہ کوخودباپ بنایاتھااورباپ نے اگر پھران یوتھیوں کوکپتان سمیت عاق کیاتواس سے پاک فوج کاکیاتعلق۔؟کپتان اوران کے نادان کھلاڑی جنرل (ر)باجوہ کے نام پرسیاست کریں یایہ کسی اورریٹائرڈجنرل کے فیض سے فیضیاب ہوں اس سے قوم کاکوئی لینادینانہیں لیکن کپتان اوران کے یوتھیے ایک بات یادرکھیں کہ اپنی سیاست کے لئے اگریہ آرمی چیف یاپاک فوج کے ادارے کونشانہ بنانے کی کوشش کریں گے توقوم ان کے اس طرح کے ناپاک عزائم کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔قوم کل بھی پاک فوج کے ساتھ تھی اورقوم آج بھی پاک فوج کے ساتھ ہے۔یہ ملک،یہ قوم اورپاک فوج آپس میں لازم وملزوم ہے۔پاک فوج ہمارے وجودکاایک ایساحصہ ہے جس پریہ ملک قائم ودائم ہے۔تحریک انصاف کے بلوائیوں نے احتجاج کی آڑمیں پاک فوج کونشانہ بناکرنہ صرف ملک کے اہم دفاعی ادارے بلکہ پوری قوم اورملک پرحملہ کیاہے۔کپتان کے کھلاڑیوں کاکورکمانڈرہاؤس پردھاوا،فوجی تنصیبات واہم عمارتوں کی طرف باؤلے کتوں کی طرح بھاگ دوڑاورپاک فوج کے خلاف نعرے بازی یہ سارے کام ملک کی جڑیں کاٹنے کے مترادف ہے۔اس منافقت اوراس گندی سیاست کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔یوتھیوں کے قریب شائدکہ کپتان سے آگے کچھ نہ ہولیکن اس ملک کے بائیس کروڑعوام کے لئے پاک فوج اورپاکستان سے آگے کچھ نہیں۔یہی فوج ہی توہے جوہمارے دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیواربن کے کھڑی ہے۔ہماری خوشیاں،آرام وسکون کی نیندیں اورآزادی کی یہ سانسیں یہ اسی پاک فوج کے جوانوں کے دم سے توہے۔سیاسی لیڈر،کارکن اوررہنماء چندسابق جرنیلوں سے سیاسی وذاتی چپقلش ودشمنی کاغصہ پاک فوج پرنکالتے ہوئے ایک صرف ایک منٹ کے لئے ان لاکھوں فوجیوں کوبھی سامنے رکھیں جوگھربار،آرام وسکون سے دوربہت دورجان ہتھیلی پررکھ کراگلے مورچوں اورمحاذوں پر75سال سے نہ صرف ہماری حفاظت کے لئے پہرہ دے رہے ہیں بلکہ روزقربان بھی ہورہے ہیں۔یہی تو ہمارے اصل ہیروہیں۔ہمیں اپنے ان ہیروں سے کل بھی پیارتھااورہمیں ان سے آج بھی محبت ہے۔اسی لئے توہم کہتے ہیں کہ پاک فوج  زندہ باد،پاکستان پائندہ باد

بشکریہ اردو کالمز