مسکراہٹ ایک سنت ، فطری اور خالص عمل ہے ۔ مسکراہٹ ایک کامیاب شخص کی پہچان ہے ۔ دلوں کو آپس میں مضبوطی سے جوڑنے والا راستہ محض مسکراہٹ کا ہے ۔ مسکراہٹ ایک ایسی کشش کا نام ہے جو چہرے پر رونق کا سبب بنتی ہے ۔ مسکراہٹ ایک دائمی کیفیت کا درجہ رکھتی ہے ۔ مسکراہٹ اندرونی خوشی ، سکون ، تواضع و انکساری اور ادب کی علامت ہے ۔ چینی کہاوت مشہور ہے :
” جو شخص عمدہ طریقے سے مسکرانا نہیں جانتا اسے دکان نہیں کھولنی چاہیے ۔“
عصر حاضر میں انسان مختلف مسائل کا شکار ہے ۔ انسان اپنے کام میں اس قدر مصروف ہو چکا ہے کہ اسے اپنے حقیقی رشتوں کا علم نہیں رہا ۔ ہر انسان کو روزانہ مختلف لوگوں سے واسطہ پڑتا ہے مگر اگر ان سب کے درمیان جو بنیادی خلا ہے وہ مسکراہٹ کا ہے ۔ کیوں کہ ہم نے زندگی کو اس قدر مصروف بنا لیا ہے کہ اپنی خوشی کو بھی مفاد کی نظر کر دیتے ہیں۔
زندگی کو بیماریوں ، ذہنی تناؤ اور بےچینی سے بچانے کے لیے لیے مسکراہٹ ضروری ہے ۔ جس کے ذریعے نہ صرف آپ کے دل و دماغ اور روح کو تازگی ملتی ہے بل کہ اس عمل سے آپ دوسروں کے لیے بھی خوشی کا باعث بنتے ہیں۔ مسکراہٹ ایک روحانی روشنی ہے جس کا تعلق براہ راست آپ کےدل سے ہے ۔ مسکراہٹ حسن کا زیور ہے بقول عبدالحمید عدم :
مسکراہٹ ہے حسن کا زیور
مسکرانا نہ بھول جایا کرو
مسکراہٹ کی آواز نہیں ہوتی بس محسوس کی جا سکتی ہے ۔ مسکراہٹ شمع کے مانند خاموش مگر روشن ہوتی ہے جو دل کی تاریکی کو ختم کرتی ہے ۔ عہد حاضر میں زندگی مرجھا چکی ہے اور ضرورت ہے تو اس میں دوبارہ بہار لانے کی جس کا واحد حل مسکراہٹ ہے ۔ آٸیں مل کر آج سے یہ عہد کریں کہ حالات جیسے بھی ہوں مگر مسکراہٹ ہمیشہ برقرار رکھیں گے ۔ اس مسکراہٹ کو عام کریں کیوں کہ یہ بھی ایک صدقہ یے ۔
246