ہم سب ایک۔۔ہاں۔۔صرف ایک جھٹکے کی مارہیں۔ایک گھر،دکان اورپلازہ بنانے میں ہمارے سال نہیں سالوں لگ جاتے ہیں۔ایک چھوٹاساکمرہ بنانے میں بھی دن اورہفتے کیا۔؟ کم سے کم کئی مہینے لگ جاتے ہیں۔پھرگھر،دکان،مارکیٹ اورپلازوں کی تعمیرپرلاکھوں اورکروڑوں نہیں اربوں وکھربوں کاسرمایہ خرچ ہوتاہے۔ہم چالیس اورپچاس سال تک ادھرادھرسے حلال ہویاحرام جمع کرکے پھربرسوں کی اس جمع پونجی سے مکان،دکان،مارکیٹ اورکوئی پلازہ بناتے ہیں یاخریدتے ہیں لیکن برسوں کی جمع پونجی سے بننے یاخریدنے والے اس مکان،دکان،مارکیٹ اورپلازے کے دھڑام سے گرنے،سیلاب میں گرنے،طوفان سے اڑنے اورملیامیٹ ہونے میں کتناٹائم لگتاہے۔۔؟سیکنڈیاچندسیکنڈ۔۔اکثراوقات زلزلے کے جس جھٹکے سے ہمارے مکان،دکان،مارکیٹ اورپلازے جھولے کھارہے ہوتے ہیں۔۔ایک۔۔صرف ایک منٹ کے لئے سوچیں۔ان جھٹکوں میں سے کسی ایک جھٹکے سے بھی ہمارے یہ مکان، دکانیں،مارکیٹ اوریہ پلازے اگرزمین بوس ہونے لگیں توکیا۔۔؟ہم اپنے ان مکانوں،دکانوں،مارکیٹس اورپلازوں کوزلزلے کے ان جھٹکوں سے بچاسکیں گے۔۔؟وہ اچانک سیلاب کے جوریلے پہاڑوں اوربیابانوں کے پیٹ پھاڑکرنکلتے اورہماری طرف بڑھتے ہیں کیاہم میں سے کسی میں کبھی اتنی ہمت اورطاقت ہوتی ہے کہ ہم ان ریلوں کوروک سکیں۔؟ وہ جس طوفان میں ہرطرف شوں شوں اورجس میں مکانوں کے ساتھ انسانوں کابھی کوئی پتہ نہیں چلتاکیاطوفان کی ان لہروں سے ہم اپنے آپ کوکبھی بچاسکتے ہیں۔؟نہیں ہرگزنہیں۔22کروڑمیں اکثرکے یہ گھر،یہ دکانیں،یہ مارکیٹس اوریہ پلازے 2005کے قیامت خیززلزلے میں بھی اس مہربان رب نے تباہی اوربربادی سے بچائے اوراب بھی جب یہ اچانک سے جھٹکے لگنے لگتے ہیں یاآندھی وطوفان اور سیلاب کے کوئی ریلے بے قابوہوکر آتے ہیں توبھی وہی عظیم رب ان مکانوں،دکانوں اورپلازوں کو گرنے،بہنے اورملیامیٹ ہونے سے بچالیتاہے۔رب کارحم اورکرم نہ ہوتاتوآج شائدکہ کچھ بھی نہ ہوتالیکن یہ تواس رب کاکوئی خاص فضل اورکرم ہے کہ ایک جھٹکے کی مارمخلوق کئی جھٹکوں کے آنے اورجانے کے بعدآج بھی محفوظ ہے۔ویسے اندھیروں میں چلتے چلتے اورگناہوں میں ڈوبتے ڈوبتے اچانک یہ جو جھٹکے لگتے ہیں ایسا محسوس ہوتاہے کہ جیسے ہم کسی گہری نیندمیں خراٹے لے رہے ہوں اوردل وجان کے کوئی بہت قریب ہمارے جسم کو آہستہ آہستہ مزے مزے سے چاپی کرکے پھرہلکاساکوئی جھٹکادے کرہمیں خواب غفلت سے بیدارہونے کاکہہ رہاہو۔وہ جوفجرکی نمازکاوقت نکل رہاہویاسکول،کالجز،دفتراوردکان کے لئے دیرہورہی ہواورماں پیارومحبت سے ہلاہلاکرکہے کہ بیٹا،پترجلدی کراٹھ دیرہورہی ہے۔سوچتاہوں وقفے وقفے سے یہ جوجھٹکوں پرجھٹکے اورٹھوکریں ہمیں لگتی ہیں یہ کہیں آخرت کی تیاریوں میں دیرکے بارے میں تونہیں۔وہ رحیم وکریم رب جواپنے ایک ایک بندے سے سترماؤں سے بھی زیادہ پیارکرتاہے وہ اپنے ان بندوں کوکیسے بھول سکتاہے۔؟یہ توہماری بدقسمتی اوربدبختی ہے کہ ہم اپنے اس مہربان،رحیم وکریم رب کوبھول چکے ہیں جورب ہم سے بہت پیارکرتے ہیں۔فرمایاگیاکہ اگرمیرابندہ میری طرف ایک قدم آتاہے تومیں دوقدم اس کی طرف آتاہوں،اگروہ میری طرف چل کرآتاہے تومیں اس کی طرف دوڑکرآتاہوں۔غفلت کی چادرسرپراورجسم گناہوں میں ڈوباہواہو۔دولت،طاقت اوردنیاکے نشے کی وجہ سے آنکھیں کھل نہ رہی ہوں تووہی خداکسی جھٹکے،ٹھوکر،آزمائش اورامتحان کے ذریعے اپنے بندے کوخواب غفلت سے بیدارکرتاہے۔اللہ پاک کے لئے ایک لمحے وسیکنڈمیں زمین وآسمان کواوپرنیچے کرناکوئی مشکل نہیں۔نہ توزمین کوپاش پاش وریزہ ریزہ کرنے کے لئے کسی سیلاب کی ضرورت ہے اورنہ ہی آسمان کوگرانے کے لئے جھٹکوں پرجھٹکے دینے کی کوئی حاجت۔ سیلاب،زلزلوں کے جھٹکے، آزمائش اوریہ طرح طرح کے امتحان یہ توفقط ہمیں جگانے اورسدھارنے کے لئے ہے۔آپ نے رات کی تاریکی اورسوچ کی تنہائی میں اندازہ کیاہوگااس طرح کے ہرجھٹکے،ہرٹھوکر،ہرآزمائش اورہرامتحان کے ساتھ،، جاگ جاؤ،،اور،،سیدھے ہوجاؤ،،کی سازودھن کے ساتھ ایک خاموش پیغام دل ودماغ کی دیواروں سے ٹکراتاہے۔خوش قسمت ہوتے ہیں وہ لوگ جواس طرح کے خاموش پیغام کوسمجھ کرنہ صرف خواب غفلت سے فوری بیدارہو جاتے ہیں بلکہ سیدھاراستے پرچلنے کی ہدایت بھی پالیتے ہیں۔ ایسے ہی لوگ نہ صرف پھراس دنیامیں ایسے جھٹکوں،آزمائش اورامتحان سے محفوظ رہتے ہیں بلکہ دونوں جہانوں میں کامیاب بھی ٹھہرتے ہیں۔سیلاب،طوفان،زلزلہ،بیماری ولاچاری سمیت اس طرح کے کسی بھی آزمائش،امتحان اور جھٹکے سے ہماراوہ رحیم وکریم رب ہم سب کواتنافقط اتنااشارہ دے رہاہے کہ آپ چاہے دنیاکے کوئی صدرہوں،وزیراعظم،وزیر،مشیر،تاجر،ڈاکٹر،صعنتکاریاکوئی سرمایہ دار۔تم سب ایک۔۔ہاں۔۔صرف ایک جھٹکے کی مارہو۔یہ جوتم زمین پراکڑاکڑکرچلتے ہو۔۔اپنے مال ومتاع پرسینہ چوڑاکرتے ہو۔۔دولت وطاقت پرناچتے اوردوسروں کوکاٹتے ہو۔۔تم توکہتے اورسوچتے ہوکہ اس زمین پرجوکچھ ہووہ تم ہی ہولیکن رات کی کسی تنہائی میں اتنا،،بس،،صرف اتناسوچ لیناکہ نیلے آسمان والے کی طرف سے ایک کوئی ایک جھٹکابھی آیاتوپھرنہ تم بچوگے اورنہ تمہارایہ مال ومتاع،تکبروغرور۔۔فرعون بھی گردن ٹیڑھاکرکے اس سوچ کے ساتھ اکڑاکڑکے چلتاتھاکہ مجھ سے کوئی بڑانہیں لیکن جب اللہ کی بے آوازلاٹھی پڑی توپھر۔۔؟اس کاحشراورانجام سب نے دیکھا۔اللہ اس طرح کے انجام سے ہرمسلمان کوبچائے۔آمین۔مہلت دینے والاہمیں باربار مہلت دے رہاہے۔۔اس سے پہلے کہ یہ مہلت ختم ہو اوراللہ پاک کی نافرمانی اورسرکشی کرنے پرہم اوروں کے لئے عبرت کانشان بن جائیں،ہمیں اپنی اداؤں اورخطاؤں پرغورکرناچاہیئے تاکہ ہم کسی ایک جھٹکے کی مارنہ بنیں۔
170