52 برس قبل پاکستانی قوم کو سقوط ڈھاکہ کی صورت میں جوروح کش اور دل شکن زخم ملا اس کی چھبن اور کسک ابتک باقی ہے۔ مشرقی پاکستان کی جدائی کا زخم آج بھی ہرا اور تازہ ہے۔ 16دسمبر 1971 کے وہ تلخ لمحات کیسے فراموش کئے جاسکتے ہیں جب اپنوں کی نااتفاقی اور انتشار نے قائداعظم کے پاکستان کو دولخت کروایا دیا … مشرقی پاکستان اور مغربی پاکستان میں جدائی ڈالنے والے کردار سب پس منظر میں چلے گئے ہیں! افسوس ہم اتنے بڑے حادثے سے ابھی تک سبق لینے سے قاصر ہیں۔ ہماری سیاست اور قومی مزاج آج بھی ضد' انا پرستی اور میں نہ مانوں کے گرد گھوم رہا ہے۔ دکھ اور تاسف اس بات پر نہیں کہ بھارت نے باقاعدہ اور منظم سازش سے مشرقی پاکستان کو علیحدہ کرانے میں بھیانک کردار ادا کیا۔ قابل دکھ اور تکلیف دہ امر یہ ہے کہ پاکستانیوں کو جان لیوا دکھ دینے میں ہمارے ''اپنے'' بھی شامل رہے۔ المیہ یہ بھی ہے کہ ہم اپنی تاریخ سے بھی انصاف نہیں کرسکے۔ ہمارے بڑے اور بزرگ اب تک یہ بتانے اور سچ بولنے سے قاصر ہیں کہ 16 دسمبر 1971ء کو کیا ہوا تھا؟ ڈاکٹر صفدر محمود' بریگیڈئیر سالک' چوہدری اعتزاز احسن' رفیق ڈوگر اور پروفیسر رفیق انجم کی کتب پڑھ لیں، ایک تاریخ دان دوسرے سے مختلف بلکہ منضاد خیالات رقم کرتا رہا۔ ہمیں راولپنڈی اسلام آباد میں ڈاکٹر عزیز ہاشمی ' مرحوم راجہ فتح خان' مرحوم محمد خان نقشبندی' بابو شفقت قریشی' اور نثار احمد نثار مرحوم سمیت کئی محبان ملت سے ملاقاتوں اور طویل گفتگو کا شرف حاصل رہا۔ والدمرحوم ومغفور کے احباب کی زبانی جب سقوط غرناطہ اور سقوط ڈھاکہ کی باتیں سنتے تو داستان بیان کرنے والے اور سننے والے دونوں چشم تر سے حالات کا نوحہ پڑھتے!! ہم نے حضرت قائداعظم محمد علی جناح' تحریک پاکستان کے کارکنان اور آل انڈیا مسلم لیگ کے شیدائیوں سے کیا سلوک روا رکھا، یقینا تاریخ ہمیں بھی معاف نہیں کرے گی! یادش بخیر …پاک بھارت جنگ 1971ء میں مغربی میڈیا کی تمام ہمدردیاں مجیب الرحمن اور بھارت کے ساتھ تھیں۔ 22نومبر 1971ء کو بھارتی افواج نے باقاعدہ مشرقی پاکستان پر حملہ کر دیا۔ امریکہ نے جنگ بندی کی قرار داد سلامتی کونسل میں پیش کی جسے روس نے ویٹو کر دیا۔ ادھر بھارت نے پارلیمنٹ میں بنگلہ دیش کی جلاوطن حکومت کو نہ صرف تسلیم کرنے کا اعلان کیا بلکہ اس کی حمایت کا اعلان بھی کر دیا۔ جنگ بندی کی اٹلی، جاپان اور سات دوسرے ممالک کی طرف سے پیش کی جانے والی قرار داد کو بھی بعد میں روس نے ویٹو کر دیا۔ 7 دسمبر کو روس نے خود جنگ بندی اور سیاسی حل کی تلاش پر قرارداد پیش کی جسے نہ جانے کیوں نہ مانا گیا۔ مکتی باہنی کے تخریب کاروں نے تمام اہم مقامات اور تنصیبات تباہ کر دیں اور بھارتی فضائیہ نے پہلے سے موجود ہوائی جہازوں کو زمین پر ہی تباہ کر دیا۔ اور ڈھاکہ کا ہوائی اڈہ اس لئے کھنڈر بنا دیا تا کہ مغربی پاکستان سے کسی دوسرے راستے پہنچنے والا امدادی سامان وہاں اتارا نہ جا سکے۔ ایک تو پاکستانی افواج کو فضائی تحفظ نہ مل سکا دوسرا بھارت نے چھاتہ بردار فوج اتار کر پشت سے حملہ کر دیا۔ چند دنوں تک پاکستانی افواج نے ڈٹ کر مقابلہ کیا لیکن کمک نہ پہنچ سکنے کے باعث زیادہ دیر تک مقابلہ کرنا ممکن نہ تھا۔ مشرقی پاکستان سے توجہ ہٹانے کے لئے مغربی محاذ پر دبائو ڈالنے کی بھارت نے بے حد کوشش کی لیکن گولہ بھاری کے تبادلے سے بات آگے نہ بڑھ سکی۔ جنگ بندی کے لئے اقوام متحدہ میں 104 ممالک نے ایک قرار داد منظور کر کے جنگ بندی کرانے کی کوشش کی جسے بھارت نے مسترد کر دیا۔ مسٹر بھٹو نے سلامتی کونسل میں 13 اور 15 دسمبر کو تقریر کی۔ فرانس اور برطانیہ کی طرف سے جنگ بندی کی قرار داد نہ جانے کیوں انہوں نے منظور نہ کی۔ 16 دسمبر 1971ء کو بھارتی فوجوں نے ڈھاکہ پر قبضہ کر لیا اور 17 دسمبر 1971ء کو صدر یحیٰ خان کے حکم پر پاکستانی افواج نے بھارتی افواج کے سامنے ہتھیار ڈال دئیے اور 90ہزار فوجی اور مغربی پاکستانی قیدی بنالئے گئے۔ 8 جنوری کی رات کو ایک خصوصی طیارے کے ذریعہ شیخ مجیب الرحمن کو غیر مشروط طور پر رہا کر کے لندن بھجوا یا گیا جہاں پہنچ کر اُنہوں نے آزاد جمہوریہ بنگلہ دیش کا اعلان کیا۔ اس کے بعد نئی دہلی میں اپنے محسنوں کا شکریہ ادا کر کے بنگلہ دیش پہنچے اور صدارتی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ مشرقی پاکستان کی علیحدگی گو کہ عملاً دسمبر 71ء میں ہوئی لیکن اس کے جراثیم بہت پہلے سے موجود تھے۔ نصف صدی گزرنے کے بعد آج کے حالات پر نظر ڈالیں مسلمانوں کی بے بسی اور مسلم حکمرانوں کی بے حسی کا وہی منظر نظر آجائے گا جو دسمبر 1971ء میں اہل پاکستان کو برداشت کرنا پڑا۔ فلسطین میں قیامت صغریٰ بپا ہے اورامت مسلمہ خواب غفلت میں غرق ہے۔ 6 اکتوبر 2023ء سے اب تک 18 ہزار فلسطینی اسرائیل بربریت کا شکار ہو کر شہادت کا جام پی چکے ہیں۔ پورا غزہ تباہی کی داستان سنا رہا ہے، اہل غزہ بے گھر ہو چکے۔ ہسپتالوں میں زخمیوں کے لیے جگہ نہیں، مسلمان اجتماعی جنازہ نہیں پڑھ سکتے… اور مسلم حکمران اپنی قراردادوں سے صرف اور صرف مطالبات کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ 9 دسمبر کو اقوام متحدہ (سلامتی کونسل) کے غیر معمولی اجلاس میں امریکہ نے تیسری بار جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کی۔ پنیٹا گون 109 بلین ڈالر کا مزید اسلحہ اسرائیل کو دے رہا ہے اور ہم …!! تھے تمہارے ہی وہ آباء مگر تم کیا ہو ہاتھ پر ہاتھ دھرے منتظر فردا ہو خدا کے لیے ہوش کریں!! مسلم حکمران دو ارب مسلمانوں کا احساس اور لحاظ کریں ،خود کو معاشی قوت بنائیں' جب تک اتحاد اور یکجہتی کا الاؤ روشن نہیں ہوگا۔ ہماری کوئی نہیں سنے گا'' تمہاری داستان تک نہ ہوگی داستانوں میں''
