ڈپٹی کمشنر میانوالی کیلئے ٹیسٹ کیس ؟ 726

ڈپٹی کمشنر میانوالی کیلئے ٹیسٹ کیس ؟

ایک افسوسناک خبر کے مطابق میانوالی کے سرکاری ہسپتالوں کو فراہم کی جانیوالی ادویات _ مردان میں فروخت ہوتے پکڑی گئی ہیں _ جس پر سی ای او ہیلتھ مردان نے باقاعدہ میانوالی کے متعلقہ حکام کو بذریعہ لیٹر اطلاع دی ہے اور تحقیقات شروع کردی گئی ہیں کہ اِس میں کون لوگ ملوث ہیں اور یہ کس طرح پنجاب سے کے پی کے پہنچائی گئی ہیں ؟
اِن تحقیقات کا کیا نتیجہ نکلتا ہے ؟ ہمیں کچھ زیادہ خوش گمانی کا شکار نہیں ہونا چاہئیے کیونکہ ہر ایک کو قبل از وقت ہی یہ معلوم ہے کہ اِس دھندے میں آخرِکار کچھ ایسے سلیمانی ٹوپی پہنے " جِن " ہی ملوث پائے جائیں گے جوکم از کم کِسی بَشر کو تاقیامت دِکھائی نہیں دیں گے _ سو‛ سزا کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا _ تاہم اِس سارے معاملے میں البتہ اگر یہ بات جاننے کی کوشش کی جائے کہ مردان کا سی ای او ہیلتھ __ میانوالی کے محکمہ صحت کے خوابِ خرگوش میں مَست اَلست حکام کو جگاکر ان کی چوری کی اطلاع دے رہا ہے تو یہ جاننا بہت ضروری ہے کہ یہ خوابِ خرگوش کسی " مرغن غذا " کا نتیجہ ہے یا پھر آنکھوں پر چڑھ جانیوالی چربی کی اس پٹی کا شاخسانہ ہے جو عموماً اِس طرح کے کھابوں کے بعد انسان کو اندھا بنادیتی ہے ؟

تحریکِ انصاف کے فرشتوں پر مبنی حکومت سے پہلے "چوروں " کے دورِ حکومت میں عجیب بات ہے کہ سرکاری شفاء خانوں میں بیماروں کو بلاتخصیص مَلٹی نیشنل ادویات تک فراہم کی جاتی رہی ہیں اور کسی ٹیلی فونک شکایت پر اعلیٰ حکام کی جانب سے فوری اور اتنا مؤثر ردِعمل آتا کہ عموماً متعلقہ اہلکاروں کے پسینے چھوٹ جایا کرتے تھے ___ مگر آج فرشتوں کے زمانے میں گزشتہ روز میرے ایک دوست DHQ ہسپتال میانوالی کسی لیب ٹیسٹ کیلئے گئے تو مبلغ 300 روپے وصول کرلینے کے بعد سِرنج باہر سے لانے کیلئے بھیج دیا گیا __ وہاں کچھ اور لوگوں کو بھی ایسا ہی کرنے کا کہاجاتا رہا _ اور جب کچھ لوگوں نے احتجاج و شکایت کی بات کی تو جواباً کہا گیا کہ ان کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا _ وزیرِاعظم پورٹل کیا _جہاں مرضی ہے شکایت درج کراؤ _یعنی اب شکایت کی صورت میں اہلکاروں کے پسینے کی بجائے " ہاسہ " نکل جاتا ہے ___ ؟
ڈپٹی کمشنر میانوالی جنابِ خرم شہزاد __ اِس شہر کی سڑکوں اور گلیوں میں ابلتے گٹر اور گندگی و غلاظت کی صفائی بھی بہت ضروری ہے مگر اس کیساتھ ساتھ محکمہ صحت و دیگر سرکاری اداروں میں کرپشن وغیرہ کے ان ابلتے گٹروں اور ان سے پھیلنی والی اس گندگی و غلاظت کا سدِباب بھی از حد ضروری ہوگیا ہے جو دکھی و بے آسرا انسان اور انسانیت کیلئے تکلیف واذیت کا سبب بن کر آپ پر اور فرشتوں کی حکومت پر سوالیہ نشان بن کر ہم سب کا منہ چِڑا رہا ہے ؟

بشکریہ اردو کالمز